ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اپوزیشن کے سوالات پر وزیراعلیٰ کا جذباتی جواب، ایڈی یورپا کے جواب پر برہم کانگریس نے ایوان سے واک آؤٹ کیا

اپوزیشن کے سوالات پر وزیراعلیٰ کا جذباتی جواب، ایڈی یورپا کے جواب پر برہم کانگریس نے ایوان سے واک آؤٹ کیا

Sat, 06 Feb 2021 10:38:00    S.O. News Service

بنگلورو،6؍فروری (ایس او نیوز) مختلف عوامی چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے میں چار مرتبہ اس ریاست کا وزیراعلیٰ بن چکا ہوں اور میں اپوزیشن کے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے پیچھے نہیں ہٹا ہو ں۔ اپوزیشن کے مختلف سوالوں پر جواب دینا مجھے اچھا لگتا ہے۔

اگلے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی تمام چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے 150سیٹوں پر کامیابی حاصل کرکے اقتدار پر لوٹ آئے گی۔کانگریس دوبارہ اپوزیشن ہی میں بیٹھے گی۔ وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے ریاستی اسمبلی میں آج یہ دعویٰ کیا۔

دراصل ایڈی یورپا نے گورنر کے خطبہ پر پچھلے دو دنوں سے ہوئی بحث پر جواب دینے کے لئے جیسے ہی کھڑے ہوئے ابتداء ہی میں یہ باتیں کہیں۔ وزیراعلیٰ کے اس خطاب پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کانگریس اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے6مہینوں میں اپوزیشن لیڈر اس تاک میں ہیں کہ وزیراعلیٰ ایڈی یورپا آج استعفیٰ دیں گے لیکن ہمیشہ انہیں مایوسی ہی ہوئی۔ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ اور ریاست کے عوام کی تائید اور آشیرواد جب تک ان کے ساتھ ہے انہیں اقتدار سے کوئی ہٹا نہیں سکتا۔

گورنر کے خطبہ پر ہوئی بحث پر حکومت کی جانب سے جواب دینے کے دوران انہوں نے اپوزیشن کانگریس لیڈر سدارامیا پر شدید حملے کئے اور دعویٰ کیا کہ اگلے انتخابات میں ان کی پارٹی 150سیٹوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل کرکے اقتدار پر لوٹ آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ ایک سو جھوٹے سوالوں کا جواب دینے کی انہیں ہمت ہے۔ان سوالو ں کے جوابات کے ساتھ وہ باہر آئیں گے۔سدارامیا نے اپنی بحث میں وزیراعلیٰ پر الزام لگایاتھا کہ دھوکہ دہی کے معاملے میں گرفتاری کے ڈر سے سپریم کورٹ سے اسٹے حاصل کرنے والے وزیراعلیٰ ایڈی یورپا وزیراعلیٰ کے مقام پر کیا برقرار رہ سکتے ہیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ان پر لگائے گئے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔ وہ بہت جلد اپنے آپ کو بے قصور ثابت کریں گے اور دعویٰ کیا کہ اگلے انتخابات آنے دو میں ثابت کروں گا کہ میں کیا ہوں۔

سدارامیا وکیل ہیں اور چالاک بھی لیکن میں ان کے جیسا چالاک نہیں ہوں۔ مختلف معاملات میں اے سی بی سے بی رپورٹ ڈلوانے کا بھی مجھے علم ہے۔ بی ڈی اے کے نام پر ڈی نوٹی فکیشن کا معاملہ بھی تمام جانتے ہیں۔کوئی بھی شخص آر ٹی آئی کے ذریعہ اطلاعات حاصل کرکے معاملہ درج کرواسکتا ہے۔اس کو بنیاد بنا کر مجھ سے استعفیٰ مانگا جارہا ہے۔

دراصل میں ضمانت پر نہیں، آپ کی پارٹی کے صدر ضمانت پر ہیں۔ اس طرح باتیں کرنا سدارامیا کو زیب نہیں دیتا۔ جھوٹے الزامات کے حوالے سے ان معاملات سے بے داغ نکلنے کا مجھے اعتماد ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ پچھلے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں تمہاری قوت معلوم ہوچکی ہے۔ عوام نے تمہیں مسترد کردیا ہے۔ اب آنے والے انتخابات میں بھی عوام تمہیں سبق سکھائیں گے۔

ایڈی یورپا نے اپنے جواب میں آخر تک صرف کانگریس اور کانگریس لیڈر بالخصوص سدارامیا پر شدید حملے کئے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اقتدار پر لوٹ آنے کا دعویٰ کیا۔ گورنر کے خطبہ پر بحث کے دوران اراکین اسمبلی نے حکومت کی ناکامیوں پر جو انگلی اٹھائی تھی اس پر تسلی بخش جواب نہیں دیا۔ایڈی یورپا کی تقریر کے آغاز ہی میں کانگریس نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا تھا۔ وزیراعلیٰ کی تقریر ختم ہونے کے بعد اسپیکر نے سیشن کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔


Share: